ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بہار اسمبلی انتخاب کو سپریم کورٹ کی ہری جھنڈی

بہار اسمبلی انتخاب کو سپریم کورٹ کی ہری جھنڈی

Sat, 29 Aug 2020 11:54:41    S.O. News Service

پٹنہ،29؍اگست (ایس او نیوز؍ایجنسی) بہار میں کئی اپوزیشن پارٹیاں کورونا بحران کی وجہ سے ابھی اسمبلی انتخاب کرانے کے حق میں نہیں ہیں، لیکن ایک مفاد عامہ عرضی کو خارج کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے واضح کر دیا ہے کہ کورونا بحران انتخاب روکنے کی بنیاد نہیں بن سکتا ہے۔ سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ ابھی انتخابی کمیشن نے کوئی تاریخ طے نہیں کیا ہے اور نہ ہی نوٹیفکیشن جاری ہوا ہے، صورت حال کو دیکھتے ہوئے کمیشن مناسب فیصلہ لینے میں اہل ہے۔

عرضی کے تعلق سے جسٹس اشوک بھوشن کی صدارت والی بنچ کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا ہر چیز پر غور کرے گا، یہ وقت سے قبل داخل کی گئی عرضی ہے کیونکہ اسمبلی انتخابات کے یلے اب تک کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا ہے۔ یہاں قابل غور ہے کہ کئی ریاستوں میں ضمنی انتخابات ہونے ہیں اور بہار کے بعد اتراکھنڈ میں بھجی اسمبلی انتخابات ہونے ہیں۔ انتخابی کمیشن نے کورونا بحران میں ووٹنگ کے دوران کورونا انفیکشن کے پھیلاؤ سے بچنے کے لیے سخت گائیڈ لائن جاری کر دیا ہے۔ اس کے بعد سے ہی بہار اسمبلی انتخاب کو لے کر امکانات روشن ہو گئے ہیں اور اپوزیشن پارٹیوں کے ساتھ ساتھ کچھ تنظیمیں بھی فی الحال انتخاب ٹالنے کی بات کہہ رہی ہیں۔

بہر حال، بہار میں اسمبلی انتخاب فی الحال نہ کرائے جانے سے متعلق مفاد عامہ عرضی اویناش ٹھاکر نامی شخص نے سپریم کورٹ میں داخل کی تھی اور کہا تھا کہ کورونا کے ساتھ ساتھ سیلاب کے مدنظر ریاست میں ابھی انتخاب کرانے لائق حالات نہیں ہیں۔ عدالت عظمیٰ نے انتخابی نوٹیفکیشن جاری ہونے سے پہلے ہی داخل کی گئی اس عرضی پر سماعت سے صاف منع کر دیا۔ اس نے کہا کہ انتخاب ٹالنے کے لیے کورونا کو بنیاد نہیں بنایا جا سکتا۔ عرضی میں ریاست کے کورونا انفیکشن سے پاک ہونے تک انتخاب ملتوی کیے جانے کی گزارش کی گئی تھی۔


Share: